ترکیہ میں آنے والے قیامت خیز زلزلے کے بعد صدر رجب طیب اردوان نے 10 صوبوں کو آفت زدہ قرار دیتے ہوئے 3 ماہ کے لیے ایمرجنسی نافذ کردی ہے۔
ترکیہ اور شام میں پیر کی علی الصباح آنے والے قیامت خیز زلزلے کی تباہ کاریاں وقت کے ساتھ بڑھتی جا رہی ہیں۔
ہلاکتوں اور زخمیوں کی تعداد میں بھی مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ دونوں ممالک میں مرنے والوں کی مجموعی تعداد 7800 سے تجاوز کرگئی ہے۔
زلزلے کی تباہ کاریوں میں مسلسل اضافے کے بعد ترک صدر رجب طیب اردوان نے زلزلے سے زیادہ متاثرہ 10 صوبوں کو آفت زدہ قرار دے دیا ہے اور وہاں 3 ماہ کے لیے ایمرجنسی نافذ کردی ہے۔
ترکیہ کے صدر نے انطالیہ کے سیاحتی مرکز کو زلزلہ زدگان کے عارضی قیام گاہ بنانے کا فیصلہ کیا ہے جہاں متاثرین کو بسایا جائے گا۔
رجب طیب اردوان نے بتایا ہے کہ زلزلے کے بعد 70 ممالک نے ترکیہ کو امدادی کاموں میں تعاون کی پیشکش کی ہے۔