واشنگٹن: میٹا کمپنی نے سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے 3 سال سے معطل فیس بک اور انسٹا گرام اکاؤنٹس بحال کردیے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق جنوری 2020 میں اُس وقت کے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے صدارتی الیکشن میں اپنی شکست کو تسلیم نہ کرتے ہوئے ایک اشتعال انگیز تقریر کی تھی جس پر اُن کے حامیوں نے مشتعل ہوکر کیپیٹل ہل پر حملہ کردیا تھا۔
کیپیٹل ہل پر حملے میں 5 سے زائد افراد ہلاک بھی ہوئے تھے اور ارکان اسمبلی کو ڈیسکوں کے نیچے چھپ کر اپنی جانیں بچانا پڑی تھیں۔ اس پر صدر ٹرمپ کے مواخذے کی تحریک بھی لائی گئی تھی۔
اس واقعے کے بعد ٹوئٹر، فیس بک اور انسٹاگرام نے لوگوں کو تشدد پر اکسانے اور اشتعال انگیزی کا الزام عائد کرتے ہوئے سابق امریکی صدر کے تمام اکاؤنٹس معطل کردیے تھے۔
تاہم اب فیس بک اور انسٹاگرام کی مالک کمپنی میٹا کے ترجمان اینڈی اسٹون نے تصدیق کی ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے اکاؤنٹس مشروط طور پر بحال کردیے گئے ہیں۔ اگر سابق صدر نے دوبارہ کوئی خلاف ورزی کی تو اکاؤنٹس پھر سے معطل کردیے جائیں گے۔
خیال رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے 2024 میں ہونے والے امریکی صدارتی الیکشن میں حصہ لینے کا اعلان کیا ہے اُن کے انسٹاگرام پر 23 ملین اور فیس بک پر 34 ملین فالوورز تھے جو الیکشن مہم میں کام آئیں گے۔