ایک پاکستانی شخص نے خاموشی سے ترکیہ اور شام کے زلزلہ متاثرین کے لیے 30 ملین ڈالرز (ساڑھے 8 ارب روپے سے زائد) عطیہ کردیے۔
ترک خبر رساں ادارے کے مطابق ایک پاکستانی شخص امریکا میں ترک سفارتے خانے میں داخل ہوا اور اپنی شناخت ظاہر کیے بغیر 30 ملین ڈالرز کی امداد دےکر چلا گیا۔
اس حوالے سے وزیراعظم شہباز شریف نے بھی ٹوئٹر پر ایک پوسٹ میں کہا کہ ایک پاکستانی کی جانب سے خاموشی سے ترکیہ اور شام کے زلزلہ متاثرین کے لیے 30 ملین ڈالرز کی امداد کے عمل نے ان کے دل کو چھولیا ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ خدمت خلق کی ایسی ہی شاندار مثالیں ہیں جو انسانیت کو درپیش مشکلات کا مقابلہ کرنے کے قابل بناتی ہیں۔
خیال رہےکہ ترکیہ اور شام میں زلزلےکے باعث 24 ہزار سے زائد اموات ہوچکی ہیں اور ہزاروں افراد زخمی ہیں جب کہ زلزلے سے دونوں ممالک میں 8 لاکھ سے زائد افراد بےگھر ہوئے ہیں۔
اقوام متحدہ کے ورلڈ فوڈ پروگرام نے ترکیہ اور شام میں خوراک پہنچانےکے لیے 77 ملین ڈالر کی اپیل کی ہے۔