میٹا نے مزید ملازمین کو فارغ کرنیکا منصوبہ بنا لیا

فیس بک کی سرپرست کمپنی میٹا کی جانب سے آنے والے ہفتوں میں مزید ملازمین کو نکالنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔

فنانشنل ٹائمز کی ایک رپورٹ کے مطابق مارچ 2023 میں میٹا کی جانب سے مزید ملازمین کو نکالنے کا اعلان کیا جاسکتا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ میٹا کی جانب سے عملے کی کارکردگی کا تجزیہ مارچ میں مکمل ہو جائے گا جس کے بعد مزید ملازمین کو فارغ کرنے کا اعلان ہوسکتا ہے۔

اس سے قبل نومبر 2022 میں میٹا کی جانب سے دنیا بھر سے کمپنی کے 11 ہزار ملازمین کو نکالنے کا اعلان کیا گیا تھا۔

اس موقع پر مارک زکربرگ نے ملازمین کے نام ایک میمو میں کہا تھا کہ 'آج میں میٹا کی تاریخ میں کی جانے والی سب سے مشکل تبدیلی کے بارے میں بتانا چاہتا ہوں، میں نے اپنی ٹیم کا حجم 13 فیصد کم کرنے کا فیصلہ کیا ہے'۔

اس نئی رپورٹ پر میٹا کی جانب سے کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا گیا۔

خیال رہے کہ ٹوئٹر، ایمازون، گوگل، مائیکرو سافٹ اور دیگر متعدد ٹیکنالوجی کمپنیوں کی جانب سے حالیہ مہینوں کے دوران معاشی حالات کو جواز بناتے ہوئے ہزاروں ملازمین کو فارغ کیا گیا ہے۔