مودی کا بھارت کو ہندو ملک بنانے کا مصوبہ بے نقاب

 واشنگٹن:معروف امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے مودی کا ہندوستان کو ہندو ملک بنانے کا منصوبہ بے نقاب کر دیا اور کہا ہے کہ مودی تیسری مرتبہ الیکشن جیت کر آئین تبدیل کر کے بھارت کو ہندو ملک قرار دے دے گا۔

 ہندو توا کے تحت چلنے والا ایٹمی بھارت خطے بالخصوص پاکستان اور عالمی دنیا کی سلامتی کیلئے خطرہ قرار دیا گیا۔

عالمی میڈیا نے بھارت میں بڑھتی انتہا پسندی پر خطرے کی گھنٹی بجا دی، بی بی سی کے بعد نیو یارک ٹائمز بھی مودی انتہا پسندی کے خلاف بول پڑا اور کہا کہ نہرو کا سیکولر بھارت ہندو انتہا پسندی کی بھینٹ چڑھ گیا۔

امریکی اخبار نیو یارک ٹائمز کے کالم میں مودی سرکار کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا، بی جے پی کے اقتدار میں آنے کی بعد بھارت میں مذہبی شدت پسندی اور اقلیتوں کے خلاف رجحانات میں شدید اضافہ ہوا، مسلمانوں کے خلاف جرائم پر سزا کا کوئی رواج نہیں۔

رپورٹ میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا کہ مودی سرکار نے جان بوجھ کر مسلمان مخالف قوانین بنائے۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ کیا عالمی میڈیا اور مغرب مودی کی 2024 میں جیت پر پریشان ہے؟، کیا مودی تیسری مرتبہ وزیراعظم بننے کی ہوس میں پاکستان کیخلاف ایک اور فالس فلیگ آپریشن کا ڈرامہ رچائے گا؟، کیا ایک اور مودی دور حکومت بھارت میں ہندو انتہا پسندی کو خطرناک حد تک فروغ نہیں دے گا؟