لکی مروت: صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع لکی مروت میں پولیس نے ایک پولیس سٹیشن پر مسلح دہشت گردوں کے حملے کو ناکام بنا دیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق لکی مروت کے بخمل تھانے پر دہشت گردوں نے حملہ کیا اور پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کردی جس پر پولیس نے جوابی فائرنگ کی اور فائرنگ کے تبادلے کے بعد دہشت گرد موقع سے فرار ہوگئے۔
واقعہ میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، ذرائع کے مطابق قبائلی عمائدین نے بھی ہتھیار اٹھا لیے اور بڑی تعداد میں پولیس اہلکاروں کی مدد کے لیے باہر نکل آئے، انہوں نے پولیس فورس کے حق میں نعرے بھی لگائے۔
اس موقع پر عمائدین کا دہشتگردوں کے نام اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جہاد کا اعلان کرتے ہیں، ہمارے علاقے میں نہ آئیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل 7 فروری کو لکی مروت میں سکیورٹی فورسز اور پولیس کی جانب سے انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن میں کم از کم 12 دہشت گرد مارے گئے تھے۔