سعودی حکومت نے عمرہ ویزا کے حامل زائرین کو مملکت کے تمام انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر سفر کی اجازت دے دی۔
عمرہ کی غرض سے ارض مقدس آنے والے زائرین آمد ورفت کے لیے صرف جدہ اور مدینہ ائیرپورٹ استعمال کرسکتے تھے لیکن اب عمرہ زائرین سعودی عرب کے کسی بھی ایئرپورٹ سے آ اور جاسکتے ہیں۔
سعودی عرب کی شہری ہوابازی کے نگراں ادارے جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن (گاکا) نے فضائی آپریشن کرنے والی تمام فضائی کمپنیوں کو تحریری طور پر آگاہ کردیا ہے۔
گاکا کے نوٹی فکیشن کے مطابق تمام عمرہ زائرین اب ملک کے کسی بھی ایئرپورٹ کو آمد و رفت کے لئے استعمال کرسکتے ہیں۔
نوٹی فکیشن میں فضائی کمپنیوں کو سختی سے ہدایت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ نئے حکم کی خلاف ورزی کرنے والی ائیرلائن کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
نئے نوٹی فکیشن کے بعد اب دمام، القسیم اور ریاض سمیت سعودی عرب کے تمام ایئرپورٹس سے عمرہ زائرین کو آمد اور روانگی کی سہولت دستیاب ہو گی۔