اپنا اسمارٹ فون بیچنے سے قبل یہ کام ضرور کرلیں

موبائل فونز کے نت نئے ماڈلز مارکیٹ میں اتنی تیزی سے آرہے ہیں جن کے دلچسپ فیچر دیکھ کر موبائل صارف جلد ہی اپنا فون تبدیل کرنے کے جتن کرنے لگتا ہے۔

اس دوران وہ کئی فاش غلطیاں کرجاتے ہیں جس کے نتیجے میں نقصان ہونے کا خدشہ ہوجا تا ہے۔

آج اس تحریر میں ہم آپ کو بتانے جارہے ہیں کہ اپنا پرانا اسمارٹ فون بیچنے سے قبل یہ ٹھوس اقدامات ضرور پورے کرلیں۔

تمام اکاؤنٹس سے سائن آؤٹ کریں

فون میں ہر کسی کا ذاتی ڈیٹا ہوتا ہے اور ان تک کسی اور کی رسائی خطرناک ثابت ہوسکتی ہے، اگر آپ اپنے پرانے فون کو فروخت کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں تو پرانے فون میں ان تمام اکاؤنٹس سے سائن آؤٹ کرنا نہ بھولیں جو آپ استعمال کرتے ہیں۔

ڈیٹا کا بیک اپ

اینڈرائیڈ فونز میں ڈیٹا بیک اپ تھوڑا پیچیدہ ہوتا ہے،اگر آپ گوگل فوٹوز، جی میل یا گوگل کانٹیکٹس جیسی سروسز استعمال کرتے ہیں تو ڈیٹا بھی ان ایپس کے ذریعے کلاؤڈ اسٹوریج میں محفوظ ہو جاتا ہے۔

اگر ان سروسز کو استعمال نہیں کرتے تو ہر ایپ کی سیٹنگز میں جاکر کلاؤڈ بیک اپ کو ٹرن آن کریں۔

دوسرا طریقہ یہ ہے کہ آپ اپنا تمام ڈیٹا گوگل ڈرائیو میں بھی محفوظ کرسکتے ہیں یا فون کو کمپیوٹر سے منسلک کرکے فائلز کو کاپی پیسٹ کرسکتے ہیں۔

فیکٹری ری سیٹ کریں

فون کے ڈیٹا کا بیک اپ بنانے کے بعد اسے فیکٹری ری سیٹ کریں، اس عمل سے فون کی ریم اور اسٹوریج تفصیلات مؤثر طریقے سے ڈیلیٹ ہو جائیں گی۔

ڈیٹا اوور رائٹ کریں

فیکٹری ری سیٹ کرنے کے بعد پرانے ڈیٹا کے حصول کو مزید ناممکن بنانے کے لیے ڈیوائس کی اسٹوریج کو کسی قسم کے بیکار ڈیٹا سے اوور رائٹ کریں۔

اس مقصد کے لیے بڑی فائلز جیسے ویڈیو کلپس سے اسٹوریج کو بھر دیں اور پھر ان فائلز کو ڈیلیٹ کردیں یا ایک بار پھر ڈیوائس کو فیکٹری ری سیٹ کرلیں۔

سم اور اسٹوریج کارڈ نکال لیں

جلد بازی میں اکثر افراد سم کارڈ یا اسٹوریج کارڈ کو پرانے فون کے اندر ہی بھول جاتے ہیں، پرانے فون کو فروخت کرنے سے قبل سم کارڈ یا کسی بھی اسٹوریج کارڈ کو لازمی نکال لیں۔

ڈیوائسز کو ان پیئر کرنا مت بھولیں

بلیو ٹوتھ ڈیوائسز جیسے وائرلیس ہیڈ فونز اور اسمارٹ واچز کو نئی ڈیوائس سے منسلک کرنے کے دوران مسائل سے بچنا چاہتے ہیں تو پرانے فون سے ان کو ان پیئر کرنا مت بھولیں۔