ایف نائن پارک زیادتی کیس کے 2ملزمان پولیس مقابلے میں مارے گئے

اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت کے ایف نائن پارک میں لڑکی سے زیادتی کے 2 ملزمان پولیس مقابلے میں ہلاک ہوگئے۔

پولیس نے ایف نائن پارک جنسی زیادتی واقعے میں ملوث ملزمان کا سیف سٹی کیمروں کے ذریعے سراغ لگایا۔

فوٹیج میں دیکھا گیا ملزمان ایک موٹر سائیکل پر سوار ہیں جو پارک کے گیٹ سے گزرتے نظر آئے ہیں۔ ملزمان واردات کے وقت مسلح بھی تھے۔

پولیس نے ملزمان کی گرفتاری کے لئے سیکٹرڈی بارہ میں خصوصی ناکہ لگایا تو وہاں دو نامعلوم مسلح موٹر سائیکل سواروں نے پولیس پر فائرنگ کردی۔

پولیس کے مطابق تمام گاڑیوں کی سخت چیکنگ کی جارہی تھی کہ نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے پولیس کو دیکھتے ہی فائرنگ شروع کر دی۔

حفاظتی اقدامات کی وجہ سے پولیس اہلکار محفوظ رہے۔ جوابی فائرنگ سے دونوں ملزمان شدید زخمی ہوگئے۔ حملہ آوروں کو ہسپتال منتقل کیا گیا مگر وہ جانبر نہ ہوسکے۔

ترجمان اسلام آباد کیپیٹل پولیس کے مطابق مرنے والے حملہ آوروں کی شناخت ہوگئی۔ دونوں ملزمان سٹریٹ کرائم سمیت سنگین جرائم کی وارداتوں میں مطلوب تھے۔

دونوں ملزمان ایف نائن پارک میں لڑکی سے زیادتی کے وقوعہ میں بھی ملوث تھے جب کہ ایک ملزم ڈکیتی کے دوران قتل میں اشتہاری تھا۔

ہلاک ملزمان کی شناخت اقبال خان اور نواب خان کے نام سے ہوئی۔ ملزمان کیخلاف جڑواں شہروں میں قتل ، ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم کے مقدمات درج ہیں۔