واشنگٹن: امریکا نے کہا ہے کہ جھوٹے الزامات اور پروپیگنڈے سے پاکستان کے ساتھ تعلقات متاثر نہیں ہونے دیں گے۔
امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے میڈیا بریفنگ میں کہا کہ پاکستان سے دو طرفہ تعلقات امریکا کے لیے اہم ہیں اور ان تعلقات کو پروپیگنڈے یا جھوٹے الزامات سے متاثر ہونے نہیں دیں گے۔
ترجمان نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ الزامات کے کھیل پر تبصرہ نہیں کروں گا۔ بے بنیاد الزامات پرہمارا موقف واضح ہے۔ ہم نے مسلسل کہا ہے کہ ان الزامات میں کوئی صداقت نہیں۔
نیڈ پرائس کا کہنا تھا کہ پاکستان سے تعاون کی قدر کرتے ہیں۔خوشحال اور جمہوری پاکستان امریکا کے مفاد میں ہے۔ پروپیگنڈا، جعلی اور بے بنیاد معلومات کو باہمی تعلقات میں رکاوٹ نہیں بننے دیں گے۔
محکمہ خارجہ کے ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کے سیاسی حلقوں میں کسی ایک سیاسی امیدوار یا جماعت کو ترجیح نہیں دیتے۔ امریکا پُرامن جمہوری اور آئینی اصولوں کی حمایت کرتا ہے۔