آئی ایم ایف سے قرضہ لینے کیلئے سری لنکن عوام پر مزید بوجھ ڈالنے کا فیصلہ

کولمبو : بدترین مالیاتی بحران، مالی خسارے، ڈالرزکی کمی اور معاشی بدحالی کے شکار ملک سری لنکا میں آئی ایم ایف سے قرضے کی قسط وصولی سے قبل سارا بوجھ عوام پر ڈال دیا گیا۔


عالمی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے کے بعد سری لنکا میں بجلی کے نرخوں میں دو سو پچھتر فیصد اضافہ ہوگا۔


اس حوالے سے سری لنکا کے بجلی بورڈ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کی سخت شرائط کے مطابق بجلی کی قیمتیں بڑھائی گئی ہیں۔


سری لنکا کے معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ ملکی اخراجات پورے کرنے کیلئے آمدنی میں اضافہ کرنا ہوگا، بصورت دیگر ملک کو معاشی بحران سے نکالنے کیلئے بے مشکلات درپیش ہوں گی۔


یاد رہے کہ سری لنکا گزشتہ سال شدید مالی بحران کی وجہ سے ڈیفالٹ کرگیا تھا، حکومت کے ذمہ چھیالیس ارب ڈالرز کی ادائیگیاں تھیں۔


سری لنکا نے اپنا 51 بلین ڈالر کا غیرملکی قرضہ ادا نہ کرپانے کے باعث گزشتہ سال ماہ اپریل میں نادہندہ ہونے کا اعلان کیا تھا اور حکومت کی تبدیلی کے بعد نئے صدر آئی ایم ایف سے مذاکرات کررہے ہیں۔