خیبر: طورخم سرحد پر افغان فورسز کی جانب سے ایف سی چیک پوسٹ پر فائرنگ کی گئی ہے۔ایف سی ذرائع کے مطابق ایف سی اہلکاروں کی جانب سے بھی جوابی فائرنگ کی گئی ہے، فائرنگ میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق گزشتہ روز پاکستان آنے والے افغان مریض کے ساتھی کے پاس سفری دستاویزات نہیں تھیں،بغیر سفری دستاویزات پاکستان داخل ہونے والے افغان شہری کو واپس بھیج دیا گیا۔افغان شہری کو واپس بھیجنے پر افغان فورسز کے اہلکار مشتعل ہوگئے۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ افغان فورسز نے طورخم سرحدی گزرگاہ کو احتجاجاً بندکردیا تھا جس کے بعد سے طورخم سرحدی گزرگاہ بدستور بند ہے۔
سرحدی گزرگاہ کی بندش سے پیدل آمدورفت سمیت تجارتی سرگرمیاں معطل ہیں۔واضح رہے کہ افغان مریضوں کو پاکستان آمدکیلئے سفری دستاویزات سے استثنیٰ حاصل ہے۔
افغان مریض کیساتھ آنے والے رشتہ دارکیلئے سفری دستاویزات لازمی ہیں۔