ترکیہ کے سفیر ڈاکٹر مہمت پیکاسی کا کہنا ہے کہ ترکیہ کا حالیہ زلزلہ سو سال میں سب سے بڑا زلزلہ تھا۔
ڈاکٹر مہمت پیکاسی نے کہا کہ زلزلے سے ترکیہ کے 30 ملین سے زائد افراد متاثر اور 11 صوبے متاثر ہوئے، ترکیہ کا دارالحکومت زلزلے سے متاثرہ علاقوں سے فاصلے پر تھا۔
انہوں نے کہا کہ کل بھی ترکیہ کے دو علاقوں میں زلزلہ آیا، بعض ماہرین کہتے ہیں کہ ترکیہ کا زلزلہ ملینیم کا سب سے بڑا زلزلہ تھا، دنیا کے 102 ممالک نے ترکیہ کی معاونت کا اعلان کیا۔
ترکیہ کے سفیر کا کہنا ہے کہ دنیا کے 59 ممالک نے زلزلے کے علاقوں میں سرچ اور ریسکیو ٹیمیں بھیجیں، حکومت پاکستان پہلے دن سے ترکیہ کے ساتھ ہیں، پاکستانی بہن بھائی زلزلہ کے بعد فوری ساتھ دینے والے پہلے افراد میں شامل ہیں۔
ترک سفیر نے کہا کہ پاکستان کی ٹیمیں ترکیہ پہنچنے والی پہلی ٹیموں میں شامل تھیں، انہوں زلزلے کے ملبے سے لوگوں کو نکالا، متاثرین کے لیے حکومت پاکستان نے اکاؤنٹ کھولا، پاکستان کی این ڈی ایم اے ترکیہ میں امداد کا کام جاری رکھے ہوئے ہے۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ این ڈی ایم اے 25 ہزار ٹینٹ بھیج رہی ہے، اسی طرح کمبل بھی بھیجے جا رہے ہیں، وزیرِ اعظم شہباز شریف اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے سفارتخانے کا دورہ بھی کیا، وزیرِ اعظم کا دورہ ترکیہ کے لیے بہت معنی رکھتا ہے، پاکستانی افواج کی ٹیمیں ترکیہ میں سرچ اور ریسکیو سرگرمیوں میں عظیم کردار ادا کر رہی ہیں۔
ڈاکٹر مہمت پیکاسی نے کہا کہ شہباز شریف نے این ڈی ایم اے کو ہم پلہ ترک تنظیم ’آفات‘ کے ساتھ مل کرکام کرنے کا کہا ہے، این ڈی ایم اے نے ترکیہ کے لیے ہزاروں خیمے اور 25 ہزار کمبل بھیجے جو پرسوں پہنچیں گے، آئندہ ہفتے چارٹرڈ کارگو پروازوں سے سردیوں والے 4 ہزار خیمے ترکیہ بھجوائے جائیں گے۔
ترکیہ کے سفیر کا یہ بھی کہنا ہے کہ پاکستان بحری جہاز سے ساڑھے تین ہزار خیمے دیگر سامان کے ساتھ ترکیہ روانہ کرے گا، پاکستان سے 84 رضاکاروں پر مبنی تلاش و بچاؤ ٹیمیں بھی ترکیہ میں کام کر رہی ہیں، یہ زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں پہنچنے والی اولین ٹیموں میں شامل ہیں۔