اسرائیلی فوج نے مزید 11فلسطینیوں کو شہید کردیا،7شدید زخمی

 بیت المقدس:مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر نابلس میں اسرائیلی فوج کے ظالمانہ حملے کے دوران 72سالہ عمر رسیدہ شخص سمیت کم از کم 11 فلسطینی شہید اور درجنوں زخمی ہوگئے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فوج نے درجنوں بکتر بند گاڑیوں اور خصوصی دستوں کے ساتھ نابلس پر حملہ کیا اور نہتے فلسطینیوں کو اندھا دھند  فائرنگ کا نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 11فلسطینی شہید جبکہ 102زخمی ہو گئے۔ زخمیوں میں 7کی حالت تشویشناک ہے۔

،فلسطینی وزارت صحت کے مطابق 72سالہ عدنان صابے برا، 61سالہ عبدالہادی اشقر اور ایک 16سالہ لڑکا محمد شعبان بھی حملے کے نتیجے میں شہید ہوا جبکہ آنسوگیس سے متاثرہ ایک اور 66سالہ معمر شخص عنان شوکت ہسپتال میں دم توڑ گیا۔

فلسطینی صدر محمود عباس کے ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ہم نابلس پر حملے کی مذمت کرتے ہیں اور ہم اپنے لوگوں کے خلاف مسلسل حملوں کو بند کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں، انہوں نے اسرائیل کو خطرناک صورتحال کا ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔

دوسری جانب امریکا نے مغربی کنارے میں تشدد کے ان واقعات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی حکام دونوں فریقوں اور خطے کے دیگر ممالک کے ساتھ بھی براہ راست رابطے میں ہیں اور اسرائیلی اور فلسطینی حکام کو کشیدگی کم کرنے کی ترغیب دے رہے ہیں۔

امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے کہا کہ فلسطینی علاقوں میں اسرائیلی بستیوں کی متنازعہ توسیع امن کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہے جو دو ریاستی حل کو کمزور کرتی ہے۔