پاکستان بلا کر قتل کی گئی بہنوں کے والد سپین میں گرفتار


 اسلام آباد:ہسپانوی پولیس نے سپین سے پاکستان بلا کر قتل کی گئی 2 بہنوں کے والد کو گرفتار کرلیا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق دونوں بہنوں کو جھانسا دے کر وطن واپس لایا گیا تھا جہاں رشتہ داروں نے مبینہ طور پر غیرت کے نام پر انہیں قتل کردیا۔

گرفتار شخص کی شناخت نہیں بتائی گئی، تاہم پولیس ذرائع نے بتایا کہ اسے ٹیریسا ٹان سے گرفتار کیا گیا جہاں وہ کئی برسوں سے اپنے اہلِ خانہ کے ساتھ مقیم تھا۔

تفتیش کار 24 سالہ انیسہ اور ان کی 21 سالہ بہن عروج کے قتل کی سازش میں ان کے والد کے کردار کے حوالے سے چھان بین کریں گے۔دونوں بہنیں اپنی جبری طور پر کی گئی شادیاں ختم کرنا چاہتی تھیں۔

مقتول بہنوں کو گزشتہ برس 20 مئی کو پنجاب کے ضلع گجرات میں گلا گھونٹ کر اور گولی مار کر قتل کیا گیا تھا۔دہرے قتل کی واردات کے فوری بعد لڑکیوں کے 6 رشتہ داروں کو گرفتار کیا گیا تھا جس میں ان کا بھائی، چچا اور دو مرکزی ملزمان شامل تھے۔