ریاض: امورِ حرمین شریفین کے صدر شیخ عبدالرحمان السدیس نے زم زم کے پانی کو محفوظ بنانے کے لیے تیار کی گئیں جدید طرز کی بوتلوں کا افتتاح کردیا۔
العربیہ نیوز کے مطابق شیخ عبدالرحمان السدیس نے “زمزم آب رسانی” کے تحت حرم مکہ میں زم زم کی نئی بوتلوں کا افتتاح کیا۔
جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے تیار کی گئیں ان بوتلوں میں زم زم کا پانی زیادہ عرصے تک محفوظ رہ سکتا ہے۔
اس موقع پر شیخ عبدالرحمان السدیس کا کہنا تھا کہ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی خصوصی ہدایت پر اللہ مہمانوں کی خدمت میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔ جدید بوتلوں کی تیاری بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔
شیخ السدیس نے “زمزم آب رسانی” انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہا جو فرزندگان توحید کو بابرکت پانی پہنچانے اور تقسیم کرنے کے لیے ہمہ وقت مصروف عمل رہتے ہیں۔
خیال رہے کہ رواں برس کے پہلے دو ماہ میں 48 لاکھ عازمین آچکے ہیں جو کہ ایک ریکارڈ ہے اور سعودی عرب نے اس سال ریکارڈ تعداد میں عازمین اور سیاحوں کے استقبال اور سہولیات کی فراہمی کا عالمگیر منصوبہ بھی بنایا ہے۔