رائے پور: بھارتی ریاست چھتیس گڑھ کے ایک علاقے میں فوج اور دوسرے علاقے میں پولیس کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا ہے جس میں کم از کم دو اہلکار ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے جب کہ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔
بھارت سے آزادی کے گڑھ ریاست چھتیس گڑھ میں نیکسل جنگجوؤں کی کاروائیوں میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے اور مودی سرکار کی گرفت کمزور ہوتی جارہی ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست چھتیس گڑھ میں دو مختلف واقعات میں بھارتی فوج اور پولیس کی گاڑیوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
ضلع کانکر میں نیکسل جنگجووں نے بھارتی فوج کی گاڑی پر حملہ کردیا۔ حملہ اتنا اچانک تھا کہ بھارتی فوجی بوکھلا گئے اور انھیں سنبھلنے کا موقع نہیں ملا۔
حملے میں بھارتی فوج کا ایک افسر مارا گیا جب کہ 4 زخمی ہوگئے۔ ہلاک افسر کی شناخت 28 سالہ موتی رام انچلا کے نام سے ہوئی ہے۔ نیکسل جنگجو بھارتی فوج کا اسلحہ اور گاڑی بھی ساتھ لے گئے۔