لندن :انگلینڈ میں شادی کیلئے کم سے کم عمر 18 سال کر دی گئی، انگلینڈ اور ویلز میں شادی کی قانونی عمر بڑھا کر 18 سال کرنے سے متعلق نئے قانون کا نفاذ شروع ہو گیا ہے۔
پہلے لوگ والدین کی رضامندی سے 16 یا 17 سال کی عمر میں شادی کر سکتے تھے،شادیوں کے خلاف کوئی قانون نہیں تھا۔ نیا قانون ان شادیوں کا احاطہ بھی کرتا ہے جن پر قانونی پابندی نہیں ہے۔
حکومت کا کہنا ہے کہ ان تبدیلیوں سے بچوں کی زبردستی شادی کو رو کنے میں مدد ملے گی۔ا س سے پہلے جبری شادی صرف اس صورت میں جرم تھی جب یہ دھمکیاں دے کر کی گئی ہو۔ لیکن میرج اینڈ سول پارٹنرشپ (کم سے کم عمر) ایکٹ کے تحت اب کسی بھی حالت میں بچوں کی شادی کرنا غیر قانونی ہے، چاہے جبر کا استعمال کیا جائے یا نہ کیا جائے۔ اس جرم میں ملوث پائے جانے والوں کو سات سال تک قید کی سزا ہوسکتی ہے۔
ان تبدیلیوں کا اطلاق سکاٹ لینڈ اور شمالی آئرلینڈ میں نہیں ہوگا، جہاں شادی کی کم سے کم عمر 16 سال رہے گی۔ شمالی آئرلینڈ میں 18 سال سے کم عمر افراد کے لیے والدین کی رضامندی ضروری ہے لیکن سکاٹ لینڈ میں نہیں۔ شمالی آئرلینڈ کے وزرا پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ وہ شادی کی کم سے کم عمر کو بڑھا کر 18 سال کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں لیکن بعض وجوہ کی بنا پر فی الحال قانون سازی نہیں کی جا سکتی۔