ترکیہ میں زلزلے سے 34بلین ڈالر کا نقصان ہوا ہے، عالمی بینک 

نیو یارک:عالمی بینک نے 6فروری کو آنے والے تباہ کن زلزلے اور آفٹر شاکس سے ترکیہ میں 34 بلین ڈالر سے زیادہ کا نقصان کا تخمینہ لگایا ہے۔

ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ رقم 2021میں ترکی کے جی ڈی پی کے چار فیصد کے برابر ہے،عالمی بینک کے اس تخمینے میں تعمیر نو کے اخراجات شامل نہیں کیے گئے جو کہ ممکنہ طور پر دو گنا زیادہ ہیں۔

اس تخمینے میں شمالی شام میں ہونے والے نقصان کو بھی شامل نہیں کیا گیا،عالمی بینک نے خبردار کیا ہے کہ آفٹر شاکس جاری رہنے سے مزید تباہی کی صورت میں نقصان میں اضافہ ہونے کا خدشہ ہے۔

ترکیہ کے لیے عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر ہمبرٹو لوپیز نے کہا کہ یہ قدرتی آفت ترکیہ میں زلزلوں کے خطرے اور سرکاری اور نجی انفراسٹرکچر میں پائیداری بڑھانے کی ضرورت کی یاد دہانی کے طور پر کام کرتی ہے۔

عالمی بینک کا اندازہ ہے کہ رہائشی عمارتوں کو نقصان پہنچنے سے 1.25ملین افراد عارضی طور پر بے گھر ہو چکے ہیں، رہائشی عمارتوں کو ہونے والے براہ راست نقصان کا تخمینہ 53فیصد ہے، 28فیصد نقصان غیر رہائشی عمارتوں میں اور باقی سڑکوں اور پلوں جیسے انفراسٹرکچر میں دیکھا گیا۔