اسلام آباد:وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اسلام آباد کی سرکاری عمارتوں میں آئندہ 7 ہفتوں میں سولر سسٹم نصب کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے اس کا دائرہ کارملک بھرمیں وفاقی سرکاری عمارتوں تک بڑھانے کا حکم دیا ہے۔
وزیراعظم نے کہا ہے کہ حکومت کم لاگت اور ماحول دوست بجلی سے عوام کی جیب پر بوجھ کم کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق بدھ کو وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے ملک بھر میں سرکاری عمارتوں کی سولرائزیشن پر پیش رفت کے جائزہ اجلاس کی صدارت کی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ اسلام آباد میں 496، ملک کے بڑے شہر بشمول کراچی، لاہور، فیصل آباد، کوئٹہ میں 340 اور دیگر علاقوں میں 1255 سرکاری عمارتوں پر سولر پینلز لگائے جائیں گے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ اسلام آباد میں موجود سرکاری عمارتوں میں سولر پینلز کی تنصیب کا کام ہنگامی بنیادیوں پر کیا جائے گا۔اجلاس میں سابق وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی، وفاقی وزرا خواجہ آصف، اسحاق ڈار، مشیرِ وزیرِ اعظم احد خان چیمہ، معاونِ خصوصی جہانزیب خان اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے سولرائزیشن منصوبے کے حوالے سے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے اسلام آباد کی سرکاری عمارتوں میں آئندہ 7 ہفتوں میں سولر سسٹم نصب کرنے کی ہدایت کردی۔
وزیراعظم نے متعلقہ حکام کومنصوبہ معینہ مدت میں مکمل کرنے کی واضح ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ وہ درآمدی ایندھن پر انحصارکم کرنے کیلئے اقدامات کے نفاذ میں کسی قسم کا تعطل برداشت نہیں کر یں گے۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ باقی ملک میں سرکاری عمارتوں کی سولرائزیشن پرکام فوری طور پر شروع کیا جائے۔ انہوں نیکہا کہ حکومت کم لاگت اورماحول دوست بجلی سے عوام کی جیب پر بوجھ کم کرنے کی کوشش کررہی ہے۔