بھارتی وزیراعظم نریندرمودی نے عالمی اداروں کو دنیا کے بڑے چیلنجز کو حل کرنے میں ناکام قرار دے دیا۔
بھارتی وزیراعظم کا جی 20 وزرائے خارجہ اجلاس کے افتتاح کے موقع پر ریکارڈ شدہ ویڈیو پیغام جاری کیا گیا جس میں مودی نے عالمی اداروں کو تنقید کا نشانہ بنایا اور انہیں بڑے عالمی چیلنجز کے حل میں ناکام قرار دیا۔
مودی نے عالمی اداروں سے اس طرح کے مسائل پر باہمی پلیٹ فارم کی تلاش کا بھی مطالبہ کیا۔
افتتاحی اجلاس کے موقع پر اپنے ریکارڈ شدہ ویڈیو پیغام میں بھارتی وزیراعظم نے کہا کہ جی 20 ممالک کو یہ تسلیم کرنا چاہیے کہ اس وقت بحران میں مختلف ممالک کا رویہ بنیادی وجہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ مالیاتی، ماحولیاتی، دہشتگردی، کورونا اور جنگوں کو لے کر گزشتہ سالوں کا یہ تجربہ رہا ہے کہ واضح طور پر بین الاقوامی گورننس ناکام ہوچکی ہے۔
بھارتی وزیراعظم نے تمام ممالک پر مسائل کو ایک ساتھ مل کر حل کرنے پر زور دیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ بھارتی شہر بنگلورو میں وزرائے خزانہ کا اجلاس ہوا تھا جس میں جنگ سے متعلق کوئی مشترکہ اعلامیہ جاری نہیں کیا جاسکا تھا۔