ریلوے ملازمین نے تخریب کاری کا منصوبہ ناکام بنا دیا، ایک اہلکار جاں بحق

رحیم یار خان:ریلوے ملازمین نے رحیم یار خان میں ریلوے سٹیشن کے قریب تخریب کاری کی کوشش ناکام بنا دی۔

ٹرین حادثے سے بچ گئی، تخریب کاروں کے حملے میں ایک ریلوے ملازم جاں بحق ہو گیا۔

ریلوے حکام کے مطابق ولہار ریلوے سٹیشن کے قریب تخریب کار ریلوے ٹریک کو کھول رہے تھے، ریلوے ملازمین کے پہنچنے پر ملزمان نے حملہ کردیا۔

حکام کے مطابق سلاخیں اور پتھر لگنے سے ایک ریلوے ملازم شدید زخمی ہوگیا، زخمی ملازم کو ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ دوران علاج دم توڑ گیا۔

ریلوے حکام نے کہا کہ علامہ اقبال ایکسپریس حادثے سے بال بال بچ گئی۔پولیس نے واقعہ کا مقدمہ تھانہ کوٹ سبزل میں درج کرکے تحقیقات شروع کردیں۔