لاہور میں انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے جوہر ٹاؤن دھماکے میں ملوث 3 مجرموں کو سزائے موت کا حکم سنا دیا۔
انسداد دہشتگردی کی عدالت کی ایڈمن جج عبہر گل خان نے فیصلہ سنایا۔ عدالت نے تینوں مجرموں سمیع الحق، عزیر اکبر اور نوید اختر کی تمام جائیدادیں بھی بحق سرکار ضبط کرنے کا حکم دیا۔
ڈپٹی پراسیکیوٹر امجد جاوید اور شاہد سپرا نے ملزموں کے خلاف گواہان پیش کیے، سکیورٹی خدشات کے پیش نظر سماعت ویڈیو لنک کے ذریعے کی گئی۔
ملزمان کے خلاف پراسیکیوشن نے 60 سے زائد گواہان کی شہادتیں قلمبند کرائیں، ملزمان کے خلاف سی ٹی ڈی نے چالان جمع کرا رکھا تھا۔
مقدمے میں پیٹر پال، عید گل اور سجاد سمیت 4 مجرموں کو پہلے ہی سزائےموت سنائی جا چکی ہے۔
خیال رہےکہ لاہور کے علاقے جوہر ٹاؤن میں 23 جون 2021 کو دھماکا ہوا تھا جس کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق اور درجن سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔