بھارت کے کم عمر ارب پتی کے والد 20ویں منزل سے گر کر ہلاک

نئی دہلی: بھارت کی ملٹی نیشنل چَین ’اویو‘ کے کم عمر ارب پتی بانی رتیش اگروال کے والد 20 ویں منزل سے گر کر ہلاک ہو گئے۔


بھارتی میڈیا کے مطابق ہوٹلوں اور گھروں کی ملٹی نیشنل چَین OYO کے بانی رتیش اگروال کے والد رمیش اگروال جمعہ کے روز گروگرام میں بلند عمارت کی بالکنی سے گرنے کی وجہ سے ہلاک ہو گئے۔


حادثے کے وقت ان کا بیٹا رتیش اگروال، بہو اور ان کی بیوی بھی گھر میں موجود تھے، 7 مارچ کو رتیش اگروال کی شادی گیتنشا سود سے ہوئی تھی، اور یہ افسوس ناک واقعہ شادی کے محض تین دن بعد ہی پیش آیا۔


اویو کے ترجمان نے رتیش اگروال کے والد کی موت کی تصدیق کر دی ہے، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ انھیں واقعے کی اطلاع تقریباً ایک بجے ملی، جب پولیس ٹیم موقع پر پہنچی تو پتا چلا کہ رمیش اگروال کی موت بیسویں منزل سے گرنے سے ہوئی ہے۔

پولیس کے مطابق ڈی ایل ایف کرسٹا سوسائٹی میں رہائش پذیر رمیش اگروال گھر کی بالکونی سے گرے، رتیش اگروال نے کہا کہ والد کی موت خاندان کے لیے بہت بڑا نقصان اور صدمہ ہے، سب سے گزارش ہے کہ غم کی اس گھڑی میں ہماری پرائیویسی کا احترام کیا جائے۔


واضح رہے کہ رتیش اگروال نے 7 مارچ کو 29 سالہ گیتنشا سود سے شادی کی ہے، انھوں نے دہلی میں ایک شان دار استقبالیہ پارٹی دی تھی جس میں ملک اور دنیا کی کئی بڑی شخصیات نے شرکت کی۔

رتیش اگروال ہندوستان کے سب سے کم عمر ارب پتیوں میں سے ایک ہیں، انھوں نے 2013 میں اویو رومز کا آغاز کیا تھا، اور اب یہ دنیا میں سب سے تیزی سے ترقی کرتی ہوٹل چَین ہے۔