نئی دہلی: بحرین سے بھارت سونا اسمگل کرنے والا بھارتی ایئر لائنز کا ملازم رنگے ہاتھوں پکڑا گیا، ملزم نے سونا کلائیوں میں لپیٹ کر آستین میں چھپا لیا تھا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست کیرالہ کے شہر کوچی کے ایئرپورٹ پر بھارتی ایئر لائنز کے عملے کے ایک فرد کو بحرین سے سونے کی اسمگلنگ کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا گیا۔
کیبن کریو شافی شرف نے سونا اسمگل کرنے کے لیے اختراعی طریقہ اختیار کیا، بحرین سے آتے ہوئے شافی شرف نے اپنے دونوں بازوؤں کی کلائیوں کے گرد سونا لپیٹ رکھا تھا۔
کسٹم حکام نے اسے ایئرپورٹ پہنچنے پر حراست میں لے لیا، شافی شرف نے بحرین سے سفر کے دوران اپنے بازوؤں کے گرد 14 سو 87 گرام سونا لپیٹ رکھا تھا۔
نوجوان کا منصوبہ یہ تھا کہ کلائیوں کے اطراف سونا لپیٹ کر سونے کو اپنی آستین سے ڈھانپ لے، اور کسٹم کلیئرنس کے اس گرین چینل سے گزرے جو ان مسافروں کے لیے مخصوص ہے جن کے پاس کسٹم کلیئرنس کے لیے کوئی سامان نہیں ہوتا۔
تاہم کسٹمز کمیشن کو پہلے ہی اطلاع مل گئی کہ بھارتی ایئر لائنز کی بحرین سے کوچی کی پرواز کے عملے کا ایک رکن اپنے ساتھ غیر قانونی طور پر سونا لے کر آرہا ہے، اسی اطلاع کی بنیاد پر جنوب مغربی ہندوستان کے کوچی ایئرپورٹ پر پہنچنے والے شافی شرف کو گرفتار کرلیا گیا۔
ملزم رات ساڑھے 8 بجے بحرین سے کوچی پہنچا تھا تاہم کسٹم حکام نے تلاشی لے کر اس سے سونا برآمد کرلیا اور اسے گرفتار کرلیا اور 2 گھنٹے سے بھی کم وقت میں اسے کسٹم کے حفاظتی ونگ کے حوالے کردیا گیا۔