خضدار:بلوچستان کے علاقے خضدار میں دھماکے کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق اور تین زخمی ہوگئے۔
شہر خضدار کے سلطان روڈ دو تلوار چوک پر گاڑی میں ہونے والے بم دھماکے کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق ہوگئے۔
ایس ایس پی خضدار فہد کھوسہ نے بتایا کہ دھماکا گاڑی میں نصب مقناطیسی ڈیوائس کے ذریعے کیا گیا جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار تاجر امان اللہ اور 20سالہ نوجوان نوید شاہوانی جاں بحق جبکہ تین افراد زخمی ہوگئے۔
ابتدائی معلومات کے مطابق حملہ آوروں نے گاڑی میں سوار تاجروں کو نشانہ بنایا اور دو تاجروں میں سے صحافی واحد شاہوانی کے بڑے صاحبزادے نوید شاہوانی ہیں۔
لاش اور زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈکواٹر ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے جبکہ پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر اسے گھیرے میں لے لیا ہے۔
ادھر وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے خضدار بم دھماکے اور صحافی عبدالواحد شاہوانی کے صاحبزادے سمیت دو افراد کے جاں بحق ہونے پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ دہشت گرد معصوم شہریوں کو بربریت کا نشانہ بنا رہے ہیں تاکہ دہشت و وحشت کی فضا پیدا کر کے صوبے کو عدم استحکام سے دو چار کرنے کی سازش ناکام بنائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ قبائلی، سیاسی، سماجی اور عوامی سطح پر دہشت گردی کے واقعات کی بھرپور مذمت ہونی چاہیے اور ہمیں دہشت گردوں کے خلاف متحد ہو کر کھڑا ہونا ہو گا۔