اسلام آباد: سیٹلائٹ انٹرنیٹ سروسز کی کمپنی اسٹار لنک نے پاکستان میں رجسٹریشن کروا لی۔
وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) سے گلوبل ڈائریکٹر اسپیس ایکس نے ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی نے کہا کہ اسٹار لنک کی سروسز سے ٹیلی کام آپریٹرز کے آپریشنل اخراجات میں کمی ہو گی جبکہ دور دراز علاقوں میں غیر فعال موبائل ٹاورز بھی کم خرچ میں فعال ہو سکیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد پاکستان کے ہر کونے میں سستے ٹیرف پر براڈ بینڈ سروسز پہنچانا ہے اور اسٹار لنک اس حوالے سے اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔
گلوبل ڈائریکٹر اسپیس ایکس نے تعاون کرنے پر وفاقی وزیر کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن میں تیزی سے آگے کی طرف بڑھ رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کمپنی کے بنیادی مراحل طے ہو گئے ہیں اور اب اس پر تیزی سے کام شروع کر دیا جائے گا۔