سعودی عرب میں ٹریفک حادثہ، خاندان کے پانچ سمیت6 افراد جاں بحق

جدہ:سعودی عرب میں افسوسناک حادثہ ہوا ہے جہاں پر ٹریفک حادثے میں 6 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔عرب میڈیا کے مطابق جازان کے علاقے میں شاہراہ پر نیا ٹریفک سانحہ ریکارڈ کیا گیا۔

 حادثے میں ایک خاندان کے 5 افراد اور ایک رشتہ دار جاں بحق ہوگئے جبکہ ایک زخمی ہوگیا جسے ہسپتال میں داخل کرا دیا گیا۔

خاندان کا سربراہ اور خاندان کے افراد رمضان میں فجر کے بعد ساس کی عیادت اور مدد کے لیے روانہ ہوئے تاہم راستہ میں کار ایک دوسری کار سے ٹکرا گئی۔

حادثے میں جاں بحق ہونے والی بیوی کے بھائی حسین نشیلی نے بتایا کہ کار میں اس کی بہن، اس کا شوہر، ان کی تین بیٹیاں اور دو دیگر بچے سوار تھے۔ 

یہ دو بچے میری دوسری بہن کے بیٹے تھے۔انہوں نے کہا کہ اس حادثے میں تمام چھ افراد کی موت واقع ہوئی جبکہ ایک بھتیجا بچ گیا جس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔