اسلام آباد: سیکیورٹی فورسز کی شمالی اور جنوبی وزیرستان کی دو الگ الگ کارروائیوں میں دو دہشت گرد ہلاک اور ایک نائیک شہید ہوگئے، جنوبی وزیرستان میں دہشت گردوں کا ایک ٹھکانہ بھی تباہ کردیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 8 اپریل کو شمالی وزیرستان کے علاقے رزمک میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں سیکیورٹی فورسز نے مؤثر طریقے سے دہشت گردوں کے مقام کو نشانہ بنایا اور فائرنگ کے تبادلے میں دہشت گرد کو جہنم واصل کردیا ہلاک دہشت گرد سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اسی طرح جنوبی وزیرستان کے ضلع کرامہ میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا اور شدید مقابلے کے بعد دہشت گردوں کا ایک ٹھکانہ تباہ کردیا گیا جب کہ ایک دہشت گرد مارا گیا۔
اس مقابلے میں دوطرفہ فائرنگ کے دوران نائیک فضل جانان نے بہادری کے ساتھ لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا جس کا آبائی تعلق ڈسٹرکٹ ہنگو سے ہے۔ نائیک فضل شہید کی عمر 32 سال تھی اور انہوں ںے سوگواران میں بیوہ، دوبیٹے اور تین بیٹیاں چھوڑی ہیں۔
آئی ایس پی آر نے مزید کہا ہے کہ علاقے میں کلیئرنس کا عمل جا ری ہے تاکہ علاقے میں پائے جانے والے مزید دیگر دہشت گردوں کو ختم کیا جا سکے، پاکستان کی سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پُرعزم ہیں، ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں، ہم شہدائے وطن کو سلام پیش کرتے ہیں۔