بلوچستان کے ضلع خضدار میں این 25 شاہراہ پر خوفناک ٹریفک حادثہ ہوا جس میں 6 پولیس اہلکاروں سمیت 7 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔
بلوچستان کے ضلع خضدار میں اتوار کی علی الصباح این 25 شاہراہ پر خوفناک ٹریفک حادثہ ہوا ہے جس کے نتیجے میں 6 پولیس اہلکاروں سمیت 7 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس، ریسکیو ادارے جائے حادثہ پر پہنچ گئے اور لاشوں کو اسپتال منتقل کیا۔
حادثے کا شکار پولیس اہلکار کوئٹہ سے عید کی چھٹیاں منانے اپنے گھر ضلع لسبیلہ جا رہے تھے کہ وڈھ کے قریب تیز رفتاری کے باعث ٹرک سے ٹکرا گئی۔
حادثے کے حوالے سے ڈی سی خضدار الیاس کبزئی کا کہنا ہے کہ جاں بحق پولیس اہلکار کوئٹہ میں ٹریننگ کے بعد حب واپس جا رہے تھے کہ وڈھ میں شہدا چیک پوسٹ کے قریب حادثہ پیش آیا۔
ڈی سی کے مطابق وڈھ کے قریب کار ایک کھڑے ٹرک سے ٹکرائی۔ تصادم اس قدر شدید تھا کہ کار مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔