اسلام آباد: آئی ایم ایف کی جانب سے پیٹرول سبسڈی سکیم کو ختم کرنے کی یقین دہانی کے باوجود حکومت نے سمری پیش کر دی۔
آئی ایم ایف کی جانب سے پیٹرول سبسڈی اسکیم کو ختم کرنے کی یقین دہانی کے باوجود حکومت نے موٹر سائیکل سواروں اور چھوٹی کاروں کے مالکان کو ریلیف دینے کیلیے امیر طبقے سے 75 روپے فی لیٹر اضافی وصول کرکے پیکیج متعارف کرانے کی سمری پیش کر دی۔
وزارت توانائی کے ذرائع کے مطابق پٹرولیم ڈویژن نے کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کی منظوری کیلیے سمری بھیج دی ہے، سمری اس وقت پیش کی گئی جب وزیر اعظم شہباز شریف نے گزشتہ ماہ ریلیف پیکیج کا ’تصور‘ دیا تھا۔
فروری میں وزیر اعظم نے موٹرسائیکل سواروں اور 800 سی سی تک کے کار مالکان کو ریلیف دینے کیلئے 800 سی سی سے اوپر کی گاڑیاں رکھنے والے امیر طبقے سے 50 روپے فی لٹر زیادہ وصول کر کے پیٹرول پر سبسڈی دینے کی منظوری دی تھی۔
سمری سے پتہ چلتا ہے کہ حکومت نے ان صارفین سے 75 روپے فی لیٹر تک اضافی وصول کرنے کا منصوبہ بنایا ہے جو پہلے ہی ریکارڈ 282 روپے فی لیٹر قیمت بمشکل ادا کر رہے ہیں،اس اسکیم کو لوگوں کی اکثریت کی طرف سے تنقید کا نشانہ بنایا گیا ہے۔