کراچی: جمعہ کو بھی انٹربینک میں ڈالر ریورس گئیر میں رہا لیکن اس کے برعکس اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی پرواز برقرار رہی اور اوپن ریٹ 292 روپے کی سطح پر آگئے۔
براہ راست بیرونی سرمایہ کاری اور سمندر پار مقیم پاکستانیوں کی ترسیلات زر کی آمد بڑھنے جیسے عوامل کے باعث جمعہ کو بھی انٹربینک میں ڈالر ریورس گئیر میں رہا لیکن اسکے برعکس اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی پرواز برقرار رہی۔
حکومت کی جانب سے ایکسٹرنل فنانسنگ گیپ میں کمی کے لیے مزید 3 ارب ڈالر کی مالیاتی ضمانت حاصل کرنے کی منصوبہ بندی اور جون 2023ء تک ادائیگیوں کے لیے انتظامات مکمل ہونے سے جلد آئی ایم ایف کے ساتھ اسٹاف لیول معاہدہ ہونے کی امیدوں نے انٹربینک میں ڈالر کو بیک فٹ پر رکھا۔
یہی وجہ ہے کہ کاروباری دورانیے کے دوران ڈالر کی قدر ایک موقع پر 51 پیسے کی کمی سے 283.38 روپے کی سطح پر بھی آگئی تھی تاہم اختتامی لمحات میں ڈیمانڈ قدرے بڑھنے سے ڈالر کے انٹربینک ریٹ 43 پیسے کی کمی سے 283.46 روپے کی سطح پر بند ہوئی۔
اس کے برعکس اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر یک دم 3 روپے کے اضافے سے 292 روپے کی سطح پر بند ہوئی۔