پاک سوزوکی نے ملک بھر میں انوینٹری کی قلت کے باعث ایک ہفتے کیلئے پروڈکشن بند کرنے کا اعلان کردیا۔
پاکستان میں موٹر گاڑیوں کی سب سے بڑی کمپنی پاک سوزوکی موٹر کمپنی لمیٹڈ نے 2 سے 9 مئی تک موٹر سائیکل اور گاڑیوں کا پروڈکشن پلانٹ بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے ایک نوٹس کے مطابق انوینٹری کی قلت کے سامنے کی وجہ سے پلانٹ کی بندش کا اعلان کیا گیا ہے۔
پاک سوزوکی کو سہ ماہی بنیادوں پر 13 ارب روپے کا نقصان اٹھانا پڑا ہے جبکہ گزشتہ برس اسی عرصے میں 46 کروڑ روپے کا خسارہ ریکارڈ کیا گیا تھا۔ پاک سوزوکی کی فروخت جنوری سے مارچ کے درمیان کم ہو کر 22 ارب روپے ہوگئی جو گزشتہ برس اسی عرصے میں 47 ارب روپے ریکارڈ کی گئی تھی۔
خیال رہے کہ اس سے قبل پاک سوزوکی نے اپنا موٹر سائیکل پلانٹ 15 اپریل تک بند رکھنے کا اعلان کیا تھا۔ کمپنی ذرائع نے بتایا تھا کہ ایل سی کھلنے پر پابندی اور انوینٹری کی قلت کے باعث پلانٹ بندش کی تاریخ میں 15 اپریل تک کی توسیع کر دی گئی ہے۔
اسی کے ساتھ ساتھ آٹو مینوفیکچرر پلانٹ بھی 7 سے 14 اپریل تک بند رکھے جانے کا اعلان کیا تھا۔