حکومت نے 2033 تک ترکیہ سے درآمدات پر کسٹم ڈیوٹی اور ایڈیشنل کسٹم ڈیوٹی ختم کرنےکا فیصلہ کیا ہے۔
ایف بی آر کے مطابق گلوکوز، گلوکوزسیرپ، فلیورپاؤڈر، کتوں اور بلیوں کی خوراک پر ڈیوٹی ختم کرنےکا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ کارن فلیکس، مچھرمار اسپرے، الیکٹرک اوون سمیت 133 اشیاء پر چھوٹ بھی دی گئی ہے۔
ایف بی آر کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ گلوکوز اور گلوکوز سیرپ پر ایڈیشنل کسٹم ڈیوٹی 5.83 فیصد سے صفرکر دی جائےگی، فلیورنگ پاؤڈر پر بھی کسٹم ڈیوٹی 16.67 فیصد سے صفر جب کہ کتوں اوربلیوں کی خوراک پر بھی کسٹم ڈیوٹی 16.67 فیصد سے صفر کر دی جائے گی۔
اس کے علاوہ آنکھوں کیلئے مختلف ڈراپس پر 5.83 فیصد ایڈیشنل کسٹم ڈیوٹی کی شرح صفر کر دی جائےگی، مچھر مار اسپرے اور الیکٹرک اوون پر بھی ایڈیشنل کسٹم ڈیوٹی ختم کردی جائے گی۔
ایف بی آر کے مطابق کسٹم ڈیوٹی اور ایڈیشنل کسٹم ڈیوٹی میں کمی کا اطلاق یکم مئی 2023 سے ہوگا، 2033 تک کسٹم ڈیوٹی اور ایڈیشنل کسٹم ڈیوٹی کی شرح میں بتدریج کمی کی جائےگی۔