اسلام آباد:اٹلس ہونڈا لمیٹڈ کی جانب سے قیمت میں 5 ہزار روپے سے 15 ہزار کا اضافہ کا اطلاق پیریکم مئی سے ہوگا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق ہونڈا سی ڈی 70 کی نئی قیمت ایک لاکھ 54 ہزار 900 روپے، سی ڈی-70 ڈریم کی ایک لاکھ 65 ہزار 900 روپے، پرائڈر 2 لاکھ 3 ہزار 900 روپے۔
سی جی 125 کی نئی قیمت 2 لاکھ 29 ہزار 900 روپے، سی جی 125 ایس کی قیمت 2 لاکھ 75 ہزار 900 روپے، سی بی 125 ایف کی قیمت 3 لاکھ 80 ہزار 900 روپے، سی بی 150 ایف کی قیمت 4 لاکھ 73 ہزار 900 روپے اور سی بی 150 ایف۔سلور کی نئی قیمت 4 لاکھ 77 ہزار 900 روپے ہوگی۔
پاکستان کے دوسرے بڑے موٹرسائیکل اسمبلر یونائیٹڈ آٹو انڈسٹریز نے بھی 9 مئی سے یونائیٹڈ 70 سی سی اور 125 سی سی ماڈل کی قیمت میں 3 ہزار روپے سے 5 ہزار روپے تک اضافے کا اعلان کر دیا، جس کی وجہ بڑھتی ہوئی لاگت پیداوار کو بتایا ہے۔
کراچی میں نئی اور پرانی موٹرسائیکلوں کی مارکیٹ اکبر روڈ پرڈیلر محمد صابر شیخ نے بتایا کہ اٹلس ہونڈا کی جانب سے 70 سی سی اور 125 سی سی کے دہائیوں پرانے ماڈل کا 96 فیصد مقامی سطح پر بنانے کا دعویٰ کیا جاتا ہے، اس تناظر میں روپے کی قدر میں کمی کے نام پر قیمتوں میں اضافہ جائز نظر نہیں آتا۔
انہوں نے یاد کیا کہ دسمبر 2017 میں سی ڈی 70 اور سی جی 125 بالترتیب 63 ہزار 500 روپے اور ایک لاکھ 5 ہزار 500 روپے میں دستیاب تھی۔
انہوں نے کہا کہ موٹر سائیکل کی قیمتوں میں اضافہ سی کے ڈی کٹس کی درآمد اور ربڑ اور پلاسٹک کے پرزہ جات کی مقامی سطح پر تیاری کی وجہ سے ہے کیونکہ ان پرزوں کا خام مال بھی درآمد کیا جا رہا ہے۔
خیال رہے کہ 4 مارچ کو ڈان کی رپورٹ کے مطابق اسمبلرز نے روپے کی قدر میں کمی اور مہنگے خام مال کی وجہ سے موٹر سائیکل کی قیمتوں میں 5 ہزار سے 25 ہزار روپے تک کا اضافہ کر دیا تھا۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ یہ مشاہدہ کیا گیا ہے کہ جب بھی ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں کمی ہوتی ہے اسمبلرز فوری طور پر قیمتیں بڑھا دیتے ہیں، تاہم جب مقامی کرنسی کی قدر میں اضافہ ہوتا ہے تو وہ قیمتیں کم کرنے میں ہچکچاہٹ کا مظاہرہ کرتے ہیں۔
اٹلس ہونڈا لمیٹڈ (اے ایچ ایل) کی جانب سے اعلان کے مطابق ہونڈا سی ڈی-70، سی ڈی-70 ڈریم، پرائڈر، سی جی 125 ایس، سی بی 125 ایف، سی بی 150 ایف، سی بی 150 ایف (سلور) کی نئی قیمتیں بالترتیب ایک لاکھ 44 ہزار 900، ایک لاکھ 55 ہزار 500، ایک لاکھ 90 ہزار 500، 2 لاکھ 14 ہزار 900، 2 لاکھ 55 ہزار 900، 3 لاکھ 50 ہزار 900، 4 لاکھ 43 ہزار 900، 4 لاکھ 47 ہزار 900 روپے ہوں گی، جو 7 ہزار سے 25 ہزار اضافے کو ظاہر کرتی ہیں۔