ریاض: سعودی عرب نے شام میں اپنے سفارتی مشن کی بحالی کا فیصلہ کرتے ہوئے سفارت کاروں کو کام شروع کرنے کی اجازت دیدی۔
سعودی عرب کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق شام میں سفارت خانے کی بحالی کا اعلان مصر میں جاری عرب لیگ کے وزرائے خارجہ کے اجلاس کے اختتام پر کیا گیا۔ اجلاس میں شام کی عرب لیگ میں شمولیت پر بھی اتفاق کیا گیا۔
یاد رہے کہ بشار الاسد کی جانب سے حکومت مخالف مظاہروں کو طاقت سے کچلنے پر عرب لیگ نے 2011 میں شام کی رکنیت معطل کردی تھی اور اگلے ہی برس یعنی 2012 میں سعودی عرب نے سفارتی تعلقات منقطع کرلیے تھے۔
سعودی وزارت خارجہ کے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ شام کی عرب لیگ کے اجلاسوں اور تنظیمی پروگرامز میں شرکت پر پابندی ہٹالی گئی اور شام میں سعودی عرب کی سفارتی خدمات کو بھی بحال کیا جا رہا ہے۔
شام کی عرب لیگ میں واپسی اور سعودی سفارت خانے کی بحالی صدر بشار الاسد کی گزشتہ ماہ دمشق میں سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سے دونوں ممالک کی 10 سال بعد ہونے والی پہلی ملاقات کے چند ہفتے کے بعد ہوئی ہے۔