ترکیہ، صدارتی و پارلیمانی انتخابات آج

ترکیہ میں صدارتی اور پارلیمانی انتخابات آج ہوں گے، صدارتی انتخابات میں صدر رجب طیب اردوان سمیت تین امیدوار میدان میں ہیں۔

ترک میڈیا کے مطابق صدارتی انتخاب میں ترک صدر رجب طیب اردوان اور اپوزیشن رہنما کمال قلیچ داراوغلو کے درمیان سخت مقابلہ متوقع ہے۔

ترکیہ کی سپریم الیکشن کونسل کے چیئرمین احمد ینر کے مطابق ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ پارلیمان کی 600 نشستوں کے لیے 24 پارٹیاں اور 151 آزاد امیدوار انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔

انتخاب سے قبل ترک صدر اور ان کے حامیوں نے تاریخی آیا صوفیہ مسجد میں نماز ادا کی اور کامیابی کی دعائیں مانگی۔

ترک میڈیا کے مطابق صدارتی امیدوار کو کامیابی کے لیے 50 فیصد سے زائد ووٹ حاصل کرنا ہوں گے۔ 

رپورٹس کے مطابق فیصلہ نہ ہوسکا تو زیادہ ووٹ حاصل کرنے والے دو امیدواروں کے درمیان 28 مئی کو دوبارہ مقابلہ ہوگا۔

ترکیہ اور ترکیہ سے باہر مقیم تقریباً ساڑھے چھ کروڑ سے زائد ووٹرز رائے شماری میں حصہ لیں گے۔