واشنگٹن: امریکی کانگریس کے 66 ارکان نے وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کو خط لکھا ہے جس میں پاکستان کی موجودہ سیاسی صورت حال اور سیاسی مخالفین کے خلاف کریک ڈاؤن پر تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی ارکان اسمبلی نے خط میں احتجاج، سیاسی گرفتاریوں اور ہلاکتوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ تشدد اور سیاسی کشیدگی پاکستان میں سیکیورٹی کی بگڑتی صورتحال کو جنم دے سکتی ہے۔
امریکی ارکان اسمبلی نے اپنے وزیر خارجہ انٹونی بلنکن سے پاکستان میں جمہوری اقدار کی خلاف ورزی کو روکنے کے لیے سفارتی ذرائع استعمال کرتے ہوئے پاکستانی حکومت پر جمہوریت، آزادی اظہار رائے اور انسانی حقوق کی فراہمی کو یقینی بنانے کا مطالبہ بھی کیا۔
ارکان اسمبلی نے وزیر خارجہ انٹونی بلنکن سے احتجاج میں شریک مظاہرین کی جانب سے امن کو ہاتھ میں لینے کی بھی تحقیقات کرانے کا بھی مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ مظاہرین اپنے مطالبات پُرامن اور غیرتشدد طریقے سے آزادانہ طور پر کریں۔
امریکی کانگریس کے ارکان نے اپنے خط میں اس مؤقف کو بھی دہرایا کہ پاکستان میں جمہوریت کی حمایت امریکا کے قومی مفاد میں ہے۔ خط میں پاکستان میں سیلاب متاثرین کے لیے امریکا کی امدادی سرگرمیوں کی تعریف بھی کی گئی۔
واضح رہے کہ امریکی وزیر خارجہ کو خط بھیجنے میں پاک پیک تنظیم نے کردار ادا کیا ہے۔