اسرائیلی فوجی نے مسجد اقصیٰ کے دروازے کی چرائی گئی چابی واپس کردی

مقبوضہ بیت المقدس: مسجد اقصیٰ کے دروازے کی چابی چرانے والے اسرائیلی فوجی نے برسوں بعد چابی واپس کردی۔

عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فورسز کے سابق پیرا ملٹری افسر یائیر باراک نے مسجد اقصٰی کے مراکشی دروازے کی چابی محکمہ اسلامی اوقاف کو واپس کردی۔ اسرائیلی افسر نے 1964 میں چابی چرائی تھی۔

سابق اسرائیلی فوجی کا کہنا ہے کہ مقبوضہ بیت المقدس میں اسرائیلیوں کی بڑھتی ہوئی اشتعال انگیز کارروائیاں دیکھ کر لگتا ہے کہ وقت آگیا ہے کہ نہ صرف چابی بلکہ مغربی کنارا اور تمام چوری کیا گیا سامان فلسطینوں کو واپس کردیا جائے۔ حق اس کے مالکان کو واپس ہونا چاہیے۔

مراکشی دروازہ مسجد اقصیٰ کے 15 دروازوں میں سے ایک ہے۔ ان  دروازوں میں سے 10 کھلے اور 5 بند ہیں۔ اسرائیل کی قابض فورسز نے 2000 میں مراکشی دروازے کی چابیاں قبضے میں لے کر مسلمانوں کے اس دروازے سے داخلے پر پابندی عائد کردی تھی۔ مراکشی دروازے کو یہودی آباد کاروں اور غیر ملکی سیاحوں کے لیے کھول دیا گیا تھا۔