مکہ مکرمہ میں 8 پاکستانی عمرہ زائرین ہوٹل میں ہونے والی آتشزدگی کے باعث جاں بحق ہوگئے۔
مکہ مکرمہ کی شاہراہ ابراہیم خلیل پر واقع ہوٹل کی تیسری منزل میں آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا، جس میں پاکستان سے تعلق رکھنے والے 8 عمرہ زائرین جاں بحق ہوگئے۔
حکام کے مطابق واقعہ گزشتہ رات پیش آیا، جس میں مرنے والے پاکستانیوں کی تصدیق ہوگئی ہے، جاں بحق افراد میں مرد اور خواتین شامل ہیں، اور ان کا تعلق پاکستان کے علاقے قصور اور بورے والا سے ہے۔
واضح رہے کہ مارچ میں بھی سعودی عرب کے عسیر ریجن میں عقبہ کے مقام پر عمرہ زائرین کی بس حادثے کا شکار ہوئی اور اس میں آگ بھڑک اٹھی۔ افسوسناک واقعہ میں 20 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے تھے جبکہ 29 افراد زخمی ہوئے۔
اسپتال میں دوران علاج دو زخمی دم توڑ گئے جس کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد 22 ہوگئی۔ حکام کے مطابق بس میں سعودی اور دیگر غیر ملکی سوار تھے جو عمرہ کی نیت سے مکہ مکرمہ جا رہے تھے۔