نیو یارک شہر ڈوبنے کا خدشہ

محققین نے کہا ہے کہ امریکی شہر نیویارک کی عمارتوں کے مشترکہ وزن کی وجہ سے شہر کے ڈوبنے کا خدشہ ہے۔

عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق محققین نے نیویارک شہر کے عمارتوں کے وزن سے ڈوبنے کا خطرہ ظاہر کیا ہے تاہم انہوں نے کہا ہے کہ اس شہر کے ڈوبنے کی اور بھی وجوہات ہو سکتی ہیں جس میں 10,000 سال پہلے آخری برفانی دور کے خاتمے کے بعد زمین کی تبدیلی کے عوامل بھی شامل ہیں۔

نیو یارک جیسے علاقے کیسے اور کیوں ڈوب رہے ہیں, اس حوالے سے محققین کا اندازہ ہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے نیویارک جیسے علاقوں کو مستقبل میں سیلاب کے خطرات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

محققین نے نوٹ کیا کہ شمالی امریکہ کے بحر اوقیانوس کے ساحل پر سمندر کی سطح عالمی اوسط سے 3 سے 4 گنا زیادہ تیزی سے بڑھنے کی توقع ہے۔

مطالعہ کے مرکزی مصنف ٹام پارسنز جو امریکی جیولوجیکل سروے کے جیو فزیسٹ ہیں، نے لائیو سائنس کو بتایا کہ سمندر کی سطح میں اضافے سے نیویارک میں اور عالمی سطح پر سیلاب کا خطرہ ہے۔

دوسری جانب GPS ڈیٹا بتاتا ہے کہ مین ہیٹن کا نچلا حصہ تقریباً 0.08 انچ (2.1 ملی میٹر) سالانہ کی شرح سے ڈوب رہا ہے۔ اس حوالے سے گزشتہ تحقیق بتاتی ہے کہ 2100 تک مشرقی ساحل 19 سے 59 انچ (48 سے 150 سینٹی میٹر) تک ڈوب سکتا ہے۔