انقرہ: صدر رجب طیب اردوان صدارتی انتخابات میں 54.47 فیصد ووٹ حاصل کرکے ترکیہ کے تیسری بار صدر منتخب ہوگئے ہیں۔
ترک سرکاری میڈیا نے ترکی کی سپریم الیکشن کونسل کےحوالے سے بتایا ترکی کے صدر رجب طیب اردوان صدارتی الیکشن میں 54.47 فیصد ووٹ لے کر سب سے آگے ہیں جبکہ اپوزیشن کے امیدوار کمال کلیک دار اوغلو کو 45.53 فیصد ووٹ ملے ہیں۔
سپریم الیکشن کونسل (YSK) کے چیئرمین احمت ینیر نے دارالحکومت انقرہ میں صحافیوں کو ووٹوں کی گنتی کے سرکاری نتائج سے آگاہ کیا۔
64.1 ملین سے زیادہ ترک شہریوں نے ووٹ ڈالنے کے لیے اندراج کیا تھا جن میں 1.92 ملین سے زائد ایسے شہری ہیں جنہوں نے بیرون ملک پولنگ اسٹیشنوں سے حق رائے دہی استعمال کیا۔ملک بھر میں ووٹروں کے لیے تقریباً 192,000 بیلٹ بکس کا انتظام کیا گیاتھا ۔
واضح رہے کہ 14مئی کو ووٹنگ کے پہلے راؤنڈ میں کسی بھی امیدوار نے مطلوبہ 50 فیصد ووٹ حاصل نہیں کیے تھے جس پر آج ووٹنگ کا عمل دوبارہ شروع کیا گیا تاہم 14 مئی کی ووٹنگ میں صدر اردوان نے 49.52 فیصد کے ساتھ برتری حاصل کی تھی۔