بھارت ٹرین حادثہ، 100لاشیں تاحال ناقابل شناخت

بھارت میں گزشتہ ہفتے ہونے والے ہولناک ٹرین حادثے میں سینکڑوں اموات ہوئیں المناک صورت حال یہ ہے کہ لاشوں کی شناخت میں دشواری کا سامنا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق اوڈیشہ کے بالاسور میں ٹرپل ٹرین حادثے کے بعد ایک سو ایک لاشوں کی شناخت نہیں ہو سکی ہے، ان لاشوں کو بھونیشور کے مردہ خانے میں رکھا گیا ہے۔

مشرقی وسطی ریلوے کے ڈویژنل ریلوے منیجر رنکیش رائے نے میڈیا کو بتایا کہ حادثے میں 1100 لوگ زخمی ہوئے جس میں تقریباً 900 افراد کو علاج کے بعد فارغ کردیا گیا جبکہ 200 لوگ اب بھی اڈیشہ کے مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ 275 افراد کی موت واقع ہوئی جن میں سے 101 لاشوں کی شناخت میں مشکلات درپیش ہیں۔

بھونیشور میونسپل کارپوریشن کے کمشنر وجے امرت کولانگے نے میڈیا کو بتایا کہ بھونیشور میں رکھی گئی کل 193 لاشوں میں سے 80 لاشوں کی شناخت کر لی گئی ہے۔ 55 میتوں کو لواحقین کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ گذشتہ ہفتے یہ دلخراش حادثہ اس وقت پیش آیا جب شالیمارـ چنئی کورومنڈل ایکسپریس گڈز ٹرین سے ٹکرا گئی، جس کی وجہ سے کئی بوگیاں پٹری سے اتر گئیں۔

اس کے بعد یسونت پور سے ہاوڑہ جانے والی ہاوڑہ ایکسپریس تیز رفتاری سے متاثرہ کوچوں سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں مزید بوگیاں پٹری سے اترگئیں اور جانی نقصان ہوا۔