امارات میں غیر ملکی ملازمین بلانے پر نئی شرائط عائد

متحدہ عرب امارات میں بیرون ملک سے افراد قوت طلب کرنے پر سات شرائط عائد کی گئی ہے جن کی تکمیل لازمی قرار دی گئی ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق متحدہ عرب امارات میں وزارت افرادی قوت و اماراتائیزیشن نے بیرون ملک سے افرادی قوت کی درآمد کی سات شرائط مقرر کی ہیں۔ افرادی قوت منگوانے کی اجازت ان شرائط کے مکمل کرنے پر ہی دی جائے گی۔

اس حوالے سے وزارت افرادی قوت و اماراتائیزیشن نے افرادی قوت کی درآمد سے متعلق قواعد و ضوابط کے حوالے سے ایک بیان جاری کیا ہے جن میں ان شرائط سے متعلق آگاہ کیا گیا ہے جب کہ رجسٹرڈ اداروں کو 12 قسم کے ورک پرمٹ جاری کرنے کا عندیہ دیا ہے۔

نئی شرائط کے مطابق ادارے کے پاس ای پرمٹ کی موجودگی ضروری قرار دی گئی ہے جبکہ درآمد کیے جانے والے کارکن کی عمر 16 برس سے کم نہیں ہونی چاہیے۔ اس کے علاوہ امیدوار کا متعلقہ پیشے کی شرائط پر پورا اترنا اور ادارے کے کاروبار اور اس کے پیشے میں مطابقت ہونی چاہیے۔

افرادی قوت کی درآمد کےلیے ادارے کا پرمٹ موثر ہونا بھی ضروری ہے جب کہ درخواست ادارے کے بااختیار عہدیدار کی جانب سے پیش کی جائے گی۔ ساتویں اور آخری شرط یہ عائد کی گئی ہے کہ جس شخص کا ویزا جاری کرانے کی درخواست دی جا رہی ہے اس کے پاس پہلے سے موثر ورک پرمٹ موجود نہ ہو۔