مقتول نائب گورنر کی فاتحہ کی تقریب میں دھماکا، 15 افراد جاں بحق

افغانستان میں بم دھماکے میں جاں بحق نائب گورنر کی فاتحہ کی تقریب کے دوران مسجد میں دھماکے سے 15 افراد جاں بحق اور 50 زخمی ہوگئے۔

افغانستان کے صوبہ بدخشاں کے قائم مقام گورنر اور مستقل نائب گورنر دو روز قبل کار بم دھماکے میں جاں بحق ہوگئے تھے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق بدخشاں صوبے کے قائم مقام گورنر مولوی نثار احمد احمدی کی فاتحہ خوانی کی تقریب مسج میں جاری تھی کہ دھماکا ہوگیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق دھماکے میں کم از کم 15 افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوگئے، دھماکے کی نوعیت تاحال علم نہیں ہوسکا، جاں بحق افراد کی تعداد مں اضافے کا خدشہ ہے۔

رپورٹ کے مطابق دھماکے میں بغلان پولیس کے سابق کمانڈر صفی اللہ صمیم بھی جاں بحق ہوئے۔

اطلاعات و ثقافت کے سربراہ معاز الدین احمدی نے دھماکے کی تصدیق کی، اور بتایا کہ فیض آباد شہر کی مسجد نبوی میں دھماکا اس وقت ہوا جب دھماکے میں جاں بحق نائب گورنر نثار احمد کی فاتحہ خوانی ہورہی تھی۔

مقامی حکام نے دھماکے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ واقعے میں کئی ہلاکتیں ہوئیں ہیں تاہم اس کی صحیح تعداد نہیں بتائی گئی۔

بدخشاں کے قائم مقام گورنر سمیت 2 افراد منگل کو کار بم دھماکے میں جاں بحق ہوگئے تھے، واقعے کی ذمہ داری داعش نے قبول کی تھی۔