دن کا آغاز ایک صحت بخش، غذائیت سے بھرپور ناشتے سے کرنا نا صرف آپ کو سارا دن توانائی فراہم کرے گا بلکہ یہ آپ کی اپنی صحت کے لیے بھی مفید ہے اور ناشتہ انسان کو کئی بیماریوں سے بھی محفوظ رکھتا ہے۔
ناشتے میں لی جانے والی بہت سی اشیاء ایسی ہیں جو عام طور پر گھروں میں صبح کے وقت شوق سے کھائی جاتی ہیں، لیکن ماہرِ غذائیت نے ان چیزوں کو ناشتے میں کھانےسے سختی سے منع کیا ہے کیونکہ یہ آپ کے جسم میں خرابی پیدا کرسکتی ہیں۔
یہ ہی وجہ ہے کہ جاننا انتہائی ضروری ہے کہ آپ ناشتے میں کیا کھارہے ہیں۔
لہٰذا بہت سی چیزوں کو کھانے کا ایک مناسب وقت ہوتا ہے، آئیے دیکھتے ہیں کہ کن کھانوں کو ماہرین صبح ناشتے میں لینے سے منع کرتے ہیں۔
چینی والا میٹھا دہی:
چونکہ موسم گرما چل رہا ہے اسی لیے بہت سے گھروں میں صبح کے ناشتے میں دہی لازمی ہوتا ہے، لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ ماہرین ناشتے میں چینی ڈال کر دہی کھانے سے منع کرتے ہیں؟
جی ہاں! ماہرین کے مطابق صبح سویرے ملائی والا چکنا دہی چینی ڈال کر کھانے سے جسم میں بلغم پیدا ہوسکتا ہے۔
ٹھنڈا پانی:
ماہرین غذائیت کے مطابق صبح سویرے اٹھتے ہی ٹھنڈا پانی بالکل نہ پیئں۔
آج کل گرمی کی شدت میں اضافہ ہورہا ہے، بہت سے لوگ بیدار ہوتے ہی ٹھنڈا پانی پیتے ہیں لیکن ایسا نہیں کریں، ایسا کرنے سے جسم کا درجہ حرارت اور انرجی لیول بگڑ سکتے ہیں۔
باہر سے خریدی گئی سموتھی :
ناشتے میں کبھی بھی پہلے سے رکھی ہوئی یا باہر سے خریدی گئی کسی قسم کی سموتھی یا پروٹین ڈرنک پینا خطرناک ثابت ہوسکتا ہے۔
اگرچہ سموتھی میں پھل اور سبزیاں ہوتی ہیں لیکن اگر آپ پہلے سے بنی سموتھی یا پہلے سے تیار شدہ پروٹین ڈرنک کے اجزا کی فہرست دیکھیں تو ان میں عام طور پر اصلی پھلوں کے بجائے پھلوں کے جوس ہوتے ہیں جن میں ڈائیٹری فائبر کی کمی ہوتی ہے۔
بہتر ہے آپ اسے گھر میں بنائیں تاکہ آپ کی صحت پر کوئی اثر نہ پڑے۔
فریش جوس:
صبح اٹھتے ہی فریش جوس پینے سے ماہرین نے منع کیا ہے۔
ماہرین کے مطابق جب پھل کا جوس بنتا ہے تو اس میں سے تمام فائبر ختم ہوجاتے ہیں البتہ اس میں کیلوریز اور مٹھاس رہ جاتی ہے جو آپ کا وزن بڑھانے، اور ہاضمے کو خراب کردیتی ہیں۔
یہ ہی وجہ ہے کہ ماہرین فریش جوس کے بجائے گھر میں بنی سموتھی پینے کا مشورہ دیتے ہیں۔
ڈبل روٹی:
ماہرین غذائیت صبح سویرے خالی ڈبل روٹی کھانے سے منع کرتے ہیں، اس کے بجائے آپ اس کے ساتھ انڈے یا کوئی پھل کھا سکتے ہیں۔
میدے سے بنی اشیاء:
کئی لوگ صبح ناشتے میں میدے سے بنے مفنز، کیکس یا پراٹھے کھانے کے شوقین ہوتے ہیں، لہٰذا یہ آپ کی صحت کے لیے نقصان دہ ثابت ہوسکتے ہیں۔
ساسیجز:
اگرچہ ساسیج ایک ایسا کھانا ہے جسے بہت سے لوگ ناشتے میں کھاتے ہیں یا ہفتے کے آخر میں برنچ میں کھاتے ہیں، تاہم یہاں یہ بات جان لینی چاہیے کہ ساسیج صبح سویرے کھانے والی چیز نہیں ہے۔
ساسیج گوشت، فیٹ اور بہت سے مصالحوں سے بنے ہوتے ہیں جو صبح کھانے سے آپ کے نظامِ ہاضمہ میں خرابی پیدا کرسکتے ہیں۔