خیبر پختونخوا کے ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی موجودگی کی تصدیق

پشاور:خیبر پختونخوا کے ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی موجودگی کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد صوبے کے سات اضلاع میں پیر سے پانچ روزہ خصوصی انسداد پولیو مہم چلانے کا فیصلہ کیا گیا۔

انسداد پولیو مہم پشاور، نوشہرہ، مہمند، ہنگو، خیبر، کوہاٹ اور چارسدہ میں شروع کی جائے گی۔حکام کے مطابق پشاور، ہنگو، جنوبی وزیرستان کے نمونوں میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

مہم کے دوران پانچ سال تک کی عمر کے22لاکھ 12ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کی ویکسین دی جائے گی۔

انسداد پولیو حکام کے مطابق افغان مہاجر کیمپوں اور پاک افغان سرحد پر واقع مخصوص یونین کونسلوں میں مجموعی طور پر1لاکھ7ہزار بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔

انسداد پولیو مہم کے لیے آٹھ ہزار441ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جن میں سات ہزار721موبائل،542فکسڈ اور 478ٹرانزٹ ٹیمیں شامل ہیں۔

ٹیموں کی نگرانی کیلئے دو ہزار 83ایریا انچارج اور سیکورٹی کیلئے 14ہزار926پولیس اہلکار تعینات کئے گئے ہیں۔