سعودی حکومت نے عازمین حج کو بڑی سہولت فراہم کردی

سعودی حکومت جو عازمین حج کو ہر ممکن سہولتیں فراہم کرتی ہے اس سال انہیں آمدورفت میں آسانی کے لیے الیکٹرک اسکوٹر فراہم کیے ہیں۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق سعودی ٹرانسپورٹ جنرل اتھارٹی نے گزشتہ سال کے کامیاب تجربے کے بعد اس سال عازمین حج کو ایام حج کے دوران آمدورفت میں آسانی کے لیے الیکٹرک اسکوٹر مہیا کیے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق یہ الیکٹرک اسکوٹر ایک ہزار کی تعداد میں مہیا کیے گئے ہیں۔ اس سروس کی فراہمی سے عازمین کو حج مقامات پر آمدورفت میں آسانی ہوگی اور وہ مناسک حج کی ادائیگی کے لیے آمدورفت کا وقت بچا سکیں گے۔

گاڑیوں اور ٹریفک کے اژدھام سے بچنے کے لیے خصوصی ٹریک بنائے گئے ہیں۔

ان الیکٹرک اسکوٹر کے لیے اتھارٹی نے دو لین مختص کی ہیں جو دو کلومیٹر طویل ہیں یہ ٹریک کدانہ اسٹیشن سے مسجد الحرام کے باب علی سٹیشن تک جانے والے محبس الجن انڈر پاس تک بنائے گئے ہیں اور عازمین کی رہنمائی کے لیے خصوصی ٹیم بھی تشکیل دی گئی ہے۔

واضح رہے کہ دنیا بھر سے 20 لاکھ عازمین حج کے فریضے کی ادائیگی کے لیے مکہ مکرمہ پہنچ گئے ہیں۔