خبردار! اس وقت دہی ہرگز نہ کھائیں، دہی کھانےکا ٹھیک وقت کونسا ہے؟

دن بھر میں ہم کوئی بھی چیز کسی بھی وقت کھا لیتے ہیں، جیسے بھوک لگی تو کوئی پھل کھا لیا، یا کوئی سبزی رات کے کھانے میں کھائی لیکن اسے کھانے کے بعد بھاری پن محسوس ہونے لگا۔

اکثر لوگوں کا پیٹ کھانے کے فوری بعد اس لیے بھی خراب ہوجاتا ہے کہ انہیں علم نہیں ، کون سا کھانہ کس وقت کھانا چاہیے، جیسے کہ ماہرینِ غذائیت رات کے وقت آلو یا اس سے بنی کوئی اشیاء کھانے سے منع کرتے ہیں کیونکہ یہ دیر سے ہضم ہوتا ہے اور عموماً لوگ رات کے کھانے کے بعد اپنے کچھ اہم کام کرتے ہیں اور سوجاتے ہیں۔

اسی طرح دہی کھانے کا بھی مخصوص وقت ہے اور ماہرین کی جانب سے یہ بھی بتایا گیا ہے کہ کس وقت دہی کھانا صحیح نہیں ہے۔

رات کے وقت کھانے سے پرہیز کریں!

* دہی کھانے کے ان گنت فوائد ہیں، البتہ اسے رات میں کھانا کچھ ٹھیک نہیں کیونکہ یہ پیٹ کے درد سمیت، ہماضمے کے مسائل پیدا کرسکتا ہے، اس کی وجہ یہ ہے کہ ڈیری پروڈکٹ چکنائی اور پروٹین سے مالا مال ہوتے ہیں، اور رات کے وقت میٹابولزم بھی آہستہ کام کررہا ہوتا ہے لہٰذا اسے رات کے وقت نہ کھائیں۔

* صرف سادہ دہی ہی نہیں، بہت سے لوگ دہی کا رائتہ بھی بناکر رات کے وقت کھانے میں کھاتے ہیں، اس سے بچیں کیونکہ یہ  بلغم پیدا کرسکتا ہے، اس کے علاوہ جن افراد کو ہر وقت زکام کی شکایت رہتی ہو، وہ بھی دہی کے مسلسل استعمال سے پرہیز کریں کیونکہ اس کی تاثیر  بھی ٹھنڈی ہوتی ہے۔

دہی کھانے کا بہترین وقت کونسا ہے؟

رات کےکھانے میں دہی کھانے کے بجائے اسے کھانےکا بہترین وقت صبح یا دوپہرکا ہے۔

دن کے اس وقت دہی کو ہضم کرنا آسان ہوتا ہے، آپ اسے صبح کے ناشتے کے طور پر بھی کھا سکتے ہیں، جس میں آم اور کیلے جیسے پھل شامل ہوں۔

دہی کے زیادہ سے زیادہ فوائد کیسے حاصل کیے جائیں؟

دہی کھانے سے آپ کے ہاضمے کو بہتر بنانے، قوت مدافعت بڑھانے اور آنتوں کی صحت کو  فروغ دینے میں مدد مل سکتی ہے، دہی میں کیلشیم اور پروٹین کی مقدار بھی زیادہ ہوتی ہے، جو ہڈیوں کی صحت اور پٹھوں کی نشوونما کو فروغ دیتا ہے، یہ صحت مند جلد اور بالوں کی صحت کے لیے بھی مفید ہے۔

پروبائیوٹکس کے اس بھرپور ذریعy سے زیادہ سے زیادہ فوائد حاصل کرنے کے لیے گھر میں رکھے ہوئے تازہ دہی کا استعمال کرنا بہتر ہے۔

اگر آپ اسے گھر پر  نہیں جما سکتے تو دودھ کی دکان سے لے لیں، لیکن کوشش کریں پیک شدہ دہی استعمال نہ کریں۔

کن افراد کو دہی نہیں کھانا چاہیے؟

دہی عام طور پر ہر ایک کے لیے مفید ہے لیکن اگر آپ کو لیکٹوز عدم برداشت یا دودھ کی مصنوعات سے الرجی ہے تو آپ کو دہی سے پرہیز کرنا چاہیے۔ 

جن لوگوں کو گردے کے مسائل ہوں یا کولیسٹرول کی مقدار زیادہ ہو وہ اعتدال میں دہی کا استعمال کریں۔