وزیراعظم کا کیپٹن کرنل شیر خان شہید کو خراج عقیدت

کیپٹن کرنل شیر خان (نشان حیدر) کا 24 واں یوم شہادت آج منایا جا رہا ہے وزیراعظم شہباز شریف نے کارگل کے شہید کو خراج عقیدت پیش کیا ہے اور اپنے جاری بیان میں کہا ہے کہ قوم کیپٹن کرنل شیر خان شہید سمیت اپنے تمام شہدا کو سلام پیش کرتی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ کیپٹن کرنل شیر خان شہید پاکستان کا وہ بہادر بیٹا ہے جس کی شجاعت کا اعتراف دشمن نے بھی کیا۔ انہوں نے 17 ہزار فٹ کی بلندی پر گلتری کے مقام پر دفاع وطن کا حق ادا کیا اور اپنی جان ارض پاک پر قربان کی۔

انہوں نے کہا کہ کیپٹن کرنل شیر خان نے جانبازوں کے ہمراہ پاکستان کی سرحد کا دفاع کیا۔ وہ شیر بن کر دشمن پر جھپٹا اور مادر وطن کی سرحدوں سے دشمن کو مار بھگایا۔ قوم اپنے شہدا کی مقروض رہے گی اور ان کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کرتی رہے گی۔

وزیراعظم نے کہا کہ کیپٹن کرنل شیر خان شہید پہلے نشان حیدر ہیں جن کا تعلق خیبر پختونخوا سے ہے، اللہ تعالیٰ شہدا کے درجات بلند فرمائے اور اہل خانہ کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

شہباز شریف نے اپنے جاری بیان میں مزید کہا کہ 9 مئی کو ہمارے شہدا کی یادگاروں کی بے حرمتی کر کے ندامت کی سیاہ تاریخ لکھی گئی اور ان واقعات سے دنیا خاص طور پر دشمنوں کو پیغام گیا کہ ہم شہدا کی عزت نہیں کرتے۔

ان کا کہنا تھا کہ جس شہید نے وطن کیلیے جان دی اس کی حرمت کی حفاظت قوم کرے گی اور مجرموں کو سزا دے گی۔ نوجوان نسل خاص طور پر اپنے شہدا کی عظیم قربانیوں، بہادری سے مکمل آگاہی حاصل کرے۔